سالانہ روحانی تقریب آل یورپ عظیمی مقابلہ حسن نعت

All Europe Ceremony

All Europe Ceremony

ہالینڈ: روحانی سلسلہ عظیمیہ کے زیر سرپرستی مراقبہ ہال ہالینڈ کے زیر اہتمام فروغ نعت اور حضرت محمدرسول اللہ ۖ کی تعلیمات کو احسن طریقے سے عام کرنے کے لئے سالانہ روحانی تقریب آل یورپ عظیمی مقابلہ حسن نعت ۖ کی ابتدائی تیاری کے سلسلے میں پہلا اجلاس منعقد کیا گیا جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے حاجی چوہدری خالد ندیم نے کیا جبکہ معرفت کا کلام میاں مظفر نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔نگران مراقبہ ہال ہالینڈ حاجی محمد جاوید عظیمی نے تمام شرکائے اجلاس کو صمیم قلب سے خوش آمدیدکہتے ہوئے ان کی آمد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

حاجی جاویدعظیمی نے مذکورہ تقریب کی انعقاد کے سلسلے میں ابتدائی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم حضور نبی کریم ۖ کے صدقے اور آپ تمام ساتھیوں کے تعاون سے انشاء اللہ بارہویں تقریب بروز اتوار 15 مئی 2016 کو دی ہیگ میں منعقد کی جائے گی۔اجلاس کے دوران ٹیم اراکین نے متذکرہ تقریب کو مزید خوب سے خوب تر بنانے کے لئے انتظامی امور کے سلسلے میں اپنی اپنی تجاویز پیش کیں جن کو مشاورت کے ساتھ منظور کرلیا گیا۔

حاجی جاوید عظیمی نے جاری اجلاس میں دی ہیگ کی معروف سماجی شخصیت محمد سعید فیصل آبادی کو خصوصی طور خوش آمدید کہا ،بعد ازاں محمدسعید نے کہا کہ میں رضاکارانہ طور پر اللہ کے احکامات اور نبی کریم ۖ کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے باضابطہ طور پر ٹیم میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوںجس پر تمام ٹیم اراکین نے محبت رسول ۖ کے سفر میں ہمسفر بننے پر اپنے نئے ساتھی کو ٹیم میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور تالیاں بجاکر خوش آمدید کہا۔حاجی جاویدعظیمی نے ذکر جہر اور اجتماعی دعا کروائی،قبل ازیں لذت کام و دہن کے سلسلے میں ٹیم اراکین کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ دیا گیا۔