بارسلونا میں قونصلیٹ آف پاکستان میں دنگا فساد کرنے پر دو افراد گرفتار ہو گئے

Zahid Mustafa Awan

Zahid Mustafa Awan

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) بارسلونا میں قونصلیٹ آف پاکستان میں دنگا فساد کرنے پر دو افراد گرفتار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق قونصلیٹ بارسلونا کے ذرائع کے مطابق آفس میں دونوجوان بھائی عامرجمیل اور کامرجمیل میں اپنی بہن کا پاسپورٹ لینے آئے مگر عملے نے جواب دیا کہ پاسپورٹ ابھی تک پاکستان سے بن کر نہیں آیا توان دونوں نوجوانوں نے مشتعل ہو کر گالیاں نکالنا شروع کر دیں۔

ویلفیئر اتاشی محمداسلم غوری کے سمجھانے پر بھی باز نہ آئے اور ان سے بھی بدکلامی کا ارتکاب کردیا جس پر ویلفیئر اتاشی کے پی اے عارف امین نے انہیں بدکلامی کرنے سے روکا تو ان دونوں نے عارف امین پر حملہ کردیا اور انکے چہرے پر گھونسہ برسا دیاجس سے عارف امین کا چہرہ زخمی ہوگیا۔ جس پر قونصلیٹ کے عملے نے دفتر کے دروازے بند کر کے ملزمان کو بھاگنے کا موقع نہیں دیا اور پولیس کو بلالیا۔جس پر فوری طور پر ایمبولینس آئی اور عارف امین کو طبی امداد فراہم کی اور پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان کا تعلق پاکستان کے شہر گوجرانوالہ کے نواحی علاقے سے ہے۔جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت قونصل جنرل مراد اشرف جنجوعہ بھی دفتر میں موجود تھے،انہوں نے بھی اس مجرمانہ حملے کی مذمت کی۔یادرہے کہ ریڈایبل پاسپورٹ کی تیاری کے تمام مراحل پاکستان میں پایہ تکمیل تک پہنچتے ہیں اور تمام پاسپورٹ وہیں سے بن کرآتے ہیں۔