ہم برسلز میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں’’ ملین مارچ ‘‘کی حمایت کرتے ہیں، علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ ہم بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ستائیس اکتوبر کو سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں منعقد ہونے والے’’ ملین مارچ ‘‘کی حمایت کرتے ہیں۔

برسلز سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انھوں نے یورپ میں مقیم کشمیری، پاکستانی اور کشمیریوں کے ہمدردسے اپیل کی کہ وہ اس مظاہرے(ملین مارچ) میں بھرپور شرکت کریں۔انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال انتہائی تشویش کا باعث ہے۔کشمیریوں پر مظالم روزبروز بڑھ رہے ہیں۔

عالمی برادری کو اس صورتحال کافوری نوٹس لینا چاہیے۔انھوں نے کہاکہ کشمیری اپنے حق خودرادیت کا مطالبہ کررہے ہیں اور عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کو چاہیے کہ ان کا یہ حق دلوانے میں ان کی مددکرے۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں گذشتہ ایک سو دن کے دوران اب تک ایک سو سے زائد لوگ شہید ہوچکے ہیں اور پندرہ ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

پیلٹ گن کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے سینکڑوں لوگ ایسے ہیں جو اپنی آنکھوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ مسلسل ایک سو ایام کے دوران کرفیواور پابندیوں نے مقبوضہ وادی میں عام آدمی کی زندگی کو بری طرح متاثرکیاہے۔ لوگوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔تعلیمی ادارے، ٹرانسپورٹ اور تجارتی مراکز مسلسل بند ہیں۔