ڈاکٹر سجاد کریم کا میانمار میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد کاروائیوں اور قتل عام پر تشویش کا اظہار

Sajjad Karim MEP

Sajjad Karim MEP

نیلسن: یورپین پارلیمنٹ فرینڈز آف پاکستان گروپ کے چئیرمین، نارتھ ویسٹ انگلیند سے کنزرویٹو پارٹی کے رکن یورپین پارلیمنٹ ڈاکٹر سجاد کریم (ستارہ قائد اعظم) نے میانمار میں مسلمانوں کے خلاف پر تشدد کاروائیوں اور قتل عام کے حوالے سے یورپی کمیشن کو لکھے گئے ایک خط میں تشویش کا اظہار کیا ہے حال ہی میں میا نمار (برما) کی عسکری قیادت کی جانب سے ریاست راکھین میں جہاں روہنگیا مسلمانوں کی اکثریت آباد ہے کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کیئے جانے کے فیصلے پر یورپین یونین کی امور خارجہ کی انچارج نمائندہ اعلیٰ فیڈریکا مغرینی کو لکھے گئے ایک خط میں اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلمانوں کو مزید پیش آنے والے مصائب سے بچانے کے لئے یورپی یونین کی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

کئی سالوں سے میا نمار(برما) کے مسلمان بدھ اکثریتی آبادی کے ہاتھوں تعصب وتشدد کا نشانہ بنتے آرہے ہیں تحفظ انسانی حقوق کی تنظیموںکی جانب سے مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے نا گفتہ بہ سلوک کو نسل کشی قرار دینے کے باوجود بین الاقوامی برادری کے کانوں پر افسوس ہے کہ جوں تک نہیں رینگی۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر سے اب تک سینکڑوں لوگ مبینہ طور پرمارے جا چکے ہیں اور سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے کہ اندازاًساڑھے بارہ سو مکانات اور دوسری عمارات منہدم کی جا چکی ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق اس وقت ایک لاکھ سے زائد لوگ کئی سالوں سے بد حال کیمپوں میں پڑے سڑ رہے ہیںانہوں نے کہا کہ بطور مسلمان او ر تحفظ انسانی حقوق کے حمائیتی ہونے کے ناطے برمی مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و تشدد پر بین الاقوامی کمیونٹی کی چشم پو شی شدید تکلیف دہ ہے میں نہ صرف ایک نمائندے کے حیثیت سے بلکہ انسانیت کے ناطے بھی میں اپنا فرض سمجھتا ہوں کہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک اورجاری مصائب پر آواز بلند کروں با ایں وجہ میں نے یورپی کمیشن سے سوال اٹھایا ہے کہ یورپی یونین نے کونسا ایسا اقدام اب تک کیا ہے کہ روہنگیا مسلم اقلیت کا قتل عام بند ہو اور ان پر چھائی مصائب کی سیاہ رات کا خاتمہ ہو ۔اس سے پیشتر بھی ڈاکٹر سجاد کریم یورپی پارلیمنٹ میںقرار دادوں اور سوالات کے ذریعے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر برمی عسکری اور بدھ اکثریتی آبادی کی جانب سے ڈھائے جانے والے ظلم و تشدد کو اجاگر کرتے رہے ہیں۔