پاکستان مسلم لیگ ن فرانس اور پاکستانی کیمونٹی کی پیرس میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت

Paris Terror Attack

Paris Terror Attack

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس اور پاکستانی کیمونٹی نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ شب فرانس میں دہشت گردانہ حملوں کے دوران بڑی تعداد میں لوگ مارے گئے۔

صدر پاکستان مسلم لیگ ن فرانس چوہدری ریاض پاپا۔ چیئرمین چوہدری شاہین اختر ۔جنرل سیکرٹری شیخ وسیم اکرم اور دوسرے لیگی رہنماوں کے علاوہ پاکستانی کیمونٹی نے اپنے ایک بیان میں ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں۔

انھوں نے ان واقعات پر سخت افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ تشدد اور دہشتگردی ہرگز قابل قبول نہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ انسانیت، تحمل ، آزادی اور احترام آدمیت پر حملہ ہے۔

ہمیں فرانس سمیت دنیا کے ہرخطے میں دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے اور محبت اور امن کے پیغام کو پھیلانا چاہیے۔

پاکستانی کیمونٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے عہدیداران نے اس موقع پر فرانس کی حکومت، عوام اور خاص طورپر ان واقعے میں مارے جانے والے افراد کے لواحقین اورزخمیوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔

انھوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور دنیا کی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا ہو گا اور اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے بھی دہشت گردی کے واقعات میں انسانی جانوں کا نقصان اٹھا یا ہے۔مگر دہشت گردوں اور دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔