ناصر ناکاگاوا کی نئی کتاب ”دنیا میری نظر میں” اشاعت کے آخری مراحل میں

Dunya mere Nazar Ma

Dunya mere Nazar Ma

جاپان (کامران غنی) اردونیٹ جاپان کے بانی و مدیر ناصر ناکاگاوا کی نئی کتاب ”دنیا میری نظر میں”اشاعت کے آخری مراحل میں ہے اور امید ہے کہ عید الفطر کے بعد منظر عام پر آجائے گی ۔تفصیلات کے مطابق ناصر ناکاگاوا کی نئی کتاب ”دنیا میری نظرمیں” جو دلچسپ اور فکری مضامین اور پاکستان، بھارت، کینیا، قطر، سری لنکا، فلپائین، تھائی لینڈ، ہانگ کانگ کے سفرناموں پر مشتمل ہے عنقریب منظر عام پر آنے والی ہے۔

حسبِ سابق ناصر ناکاگاوا کی اس کتاب میں معروف علمی و ادبی شخصیات نے ناصرناکاگاوا کی شخصیت اور انکی طرز نگارش کا جائزہ پیش کیا ہے ۔یہ کتاب بھی انکی پہلی تصنیف ”دیس بنا پردیس” کی طرح دلچسپ اور رنگا رنگ تصاویر سے مزین ہے ۔اس کی ترتیب و تالیف ناصر ناکاگاوا کی بہن سیدہ زہرہ عمران نے کی ہے جبکہ اشاعت کا اہتمام پاکستان کے نامور اشاعتی ادارہ ” الحمد پبلیکیشنز ”نے کیا ہے۔

مختلف ممالک کے خوبصورت اور معروف تفریحی مقامات کی خوبصورت تصاویر سے مزین اس کتاب کا سرورق بہت دلکش ہے جبکہ کتاب کے بیک کور پر معروف سماجی و علمی شخصیات کے تبصروں کے اقتباس معہ تصاویر موجود ہیں ۔اندرونی فلیپ پر جاپان کے مختلف ممالک کے خوبصورت مناظر کی تصاویر موجود ہیں۔

تقریباََ ساڑھے چار سو صفحات پر مشتمل یہ کتاب ہر طبقہ فکر کے لئے دلچسپی کا باعث ہوگی۔اس کتاب کی قیمت آٹھ سو روپے اور بیرون ملک دو ہزار ڈالر ہے ۔کتاب حاصل کرنے کے لئے الحمد پبلیکیشنز یا اردونیٹ جاپان کے ای میل ایڈریس پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔بھارت میں یہ کتاب اردو نیٹ جاپان کے مدیر اعزازی کامران غنی صبا سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

دنیا بھر میں مقیم اردونیٹ جاپان کے قارئین اور ناصر ناکاگاوا کے دوست احباب اور اقرباء کی جانب سے انہیں کتاب کی اشاعت پر پیشگی مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

امید کی جاتی ہے کہ ناصر ناکاگاوا کی یہ تصنیف بھی گزشتہ تصنیف کی طرح اپنی انفرادیت کی وجہ سے دنیا بھر کے اردو ادبی و صحافتی حلقوں میں مقبولیت حاصل کرے گی۔