اردو دوست ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بارسلونا میں یوم اقبال کی تقریب ہوئی

Iqbal Day Ceremony

Iqbal Day Ceremony

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) اردو دوست ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بارسلونا میں ’’یوم اقبال ‘‘ کی تقریب ہوئی جس میں ترنم کے ساتھ کلام اقبال پڑھا گیا اور مقررین نے علامہ محمد اقبال کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا، تقریب کی صدارت حافظ عبدالرزاق صادق نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی معروف سماجی شخصیت چوہدری امتیاز آف لوراں تھے۔ بلجیم میں پاکستانیو ں کی معروف سماجی وسیاسی شخصیت چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اردو دوست کی دعوت پر تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

مقررین میں محمد اقبال چوہدری ،چوہدری پرویز اقبال لوہسر ،ڈاکٹر عرفان مجید راجہ، چوہدری امتیاز آف لورا ں،فیض اللہ ساہی ، جواد احمد چیمہ افضال احمد بیدار شامل ہیں جنہو ں نے علامہ محمد اقبال کے فکر وفن اور فلسفہ خودی پر روشنی ڈالی ، مقررین کا کہنا تھا کہ علامہ محمد اقبال صرف شاعر مشرق ہی نہیں ہیں بلکہ اقوام عالم کے شاعر ہیں ان کا نظر یہ آفاقی ہے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں پردیس میں رہتے ہو ئے سب سے اہم کام اقبال کے نظریہ اور فلسفہ خود کو مقامی زبانو ں میں ترجمہ کر کے ان لو گو ں کے سامنے پیش کر نا چاہیئے تاکہ ان اقوام کو بھی علم ہو سکے کہ ہم میں ایسے دانشور اور فلسفی ہیں جو دنیا کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یوم اقبال کے دن کو ایک تحریک کی صورت میں آگے لے کر چلنا چاہیئے ،اقبال کی شخصیت پر بات کر نا آسان نہیں کیو نکہ ان کی ذات شہرہ آفاق ہے ۔اقبال کو مشرق ومغرب نے بھی مانا اقبال کو شمال وجنوب نے بھی مانا ہے،اور ہماری خوش قسمتی ہے کہ وہ ملت اسلامیہ کا تارا ہے ۔اقبال کے اندر کیا تھا سب سے بڑی چیز عقیدے کی پختگی،اللہ پر غیر متزلزل ایمان اور اس کے ساتھ ایک طاقتور چیز جس کانام عشق مصطفیٰ ﷺان دو چیزو ں نے نا صرف اقبال کو اپنے عہد میں ممتاز کیا بلکہ ابدلآباد تک ممتاز کر دیا۔

اقبال باکمال شاعر، بلند پایہ مفکر اور تاریخ کا ایک روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہیں۔ انہوں نے اپنے کلام وپیغام سے برِ صغیر پاک وہند کی ملتِ اسلامیہ کو ایک نیا ولولہ اور نئی جہت عطا کی. انہوں نے اپنی علمی اور فکری دولت کو اپنی شاعری میں بے حد خوبصورتی سے سمویا۔جمی شیخ اور سعید حیدر ی نے کلام اقبال ترنم کے ساتھ پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔اور خوب داد دی ، تقریب کے اختتام پر تمام مقررین اور کلام اقبال پیش کر نے والو ں کو اردو دوست ایسوسی ایشن کی جانب سے ’’یاد گار اقبال‘‘ کے نام کی شیلڈز دی گئیں۔