پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر کی ویلفئیر اتاشی فضاء نیازی کا مانچسٹر سٹی کاونسل کا دورہ

Atahi Faza Naiazi City Council Visit

Atahi Faza Naiazi City Council Visit

مانچسٹر (تنویر کھٹانہ) پاکستانی ہائی کمیشن برطانیہ کی شبانہ روز محنت اور کمیونٹی روابط کی بدولت برطانیہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کا ایک مثبت پہلو ابھر کر سامنے آرہا ہے۔ ویلفیر اتاشی کی پوسٹ اس سلسلے کی نہایت اہم پوسٹ ہوتی ہے اور حال ہی میں تعینات ہونے والی ویلفیر اتاشی فضاء نیازی بھی کمیونٹی مسائل کے حل کے لیے مصروف نظر آتی ہیں۔

پچھلے دنوں پاکستانی قونصلیٹ کی ٹیم نے راچڈیل کا دورہ کیا تھا اور اب فضاء نیازی نے مانچسٹر سٹی کاونسل کا دورہ کیا اور یہ پہلی بار ہے کہ کسی ویلفیر اتاشی نے مانچسٹر سٹی کاونسل کا دورہ کیا انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو در پیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں سے متعلق بریف کیا۔ اس موقع پر کونسلرز بھی موجود رہے جن میں عابد چوھان، باسط شیخ ، نعیم الحسن، شوکت حسین، رب نواز، عتیق الرحمان و دیگر شامل ہیں۔کونسلر عابد حسین نے فضاء نیازی کے اس دورے کو نہایت خوش آئیند قرار دیا اور مانچسٹر سٹی کاونسل کے پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پاکستانی قونصلیٹ کے ساتھ ملکر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کونسلر عابد کا مزید کہنا تھا کہ اس بریفنگ سے نہ صرف ایشیائی بلکہ دیگر کونسلروں کو بھی پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے دی جانے والی سروسز پر آگاہی ملی ہے اور اب وہ اپنی وارڈز میں موجود لوگوں کو ان کے پاکستانی قونصلیٹ سے متعلق سوالات پر بہتر بریف کر سکتے ہیں۔ اس طرح کی میٹینگ کا انعقاد سالانہ کی بنیادوں پر ہونا چاہیے تاکہ ہم مسائل کے حل کو یقینی بنا سکیں۔