پیرس: دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہداء پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب

Pakistani Martyrs Tribute Ceremony Paris

Pakistani Martyrs Tribute Ceremony Paris

پیرس (زاہد مصطفی اعوان ) آج شام یہاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہدا ء پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی-اس تقریب کا اہتمام پیرس میں پاکستان کے سفارتخانے اور فرانس کی فتح کی یادگار کی انتظامی کمیٹی نے مشترکہ طور پر کیا-فرانس کی قومی یادگارکی انتظامی کمیٹی فرانس کے سابقہ فوجیوں پر مشتمل ہے -یہ یادگار جس کو آرک آف ٹرائمف کہا جاتا ہے فرانسیسی جنگوں کے شہداء کی یادگار کے طور پر تعمیر کی گئی تھی-فرانس میں پاکستان کے سفیر جناب غالب اقبال نے اس یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر دہشت گردی کے خلاف شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا-یہ تقریب پاکستان کے 50ویں یوم دفاع کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔

بڑی تعداد میں فرانسیسی سکولوں کے بچوں ، فرانس میں رہنے والے پاکستانی خاندانوں ، سفارتخانے کے افسران و عملہ کے خاندانوں اور یادگارکی انتظامی کمیٹی کے ممبران سابقہ فوجیوں نے اس تقریب میں شرکت کی-پاکستان اور فرانس کے جھنڈے لہراتے ہوئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے بچوں ، عورتوں اور مردوں نے سفیر پاکستان اور انتظامی کمیٹی کے سربراہ کا استقبال کیا-فرانسیسی فوجی بینڈ نے دھن بجا کر تقریب کا آغاز کیا-شدید بارش اورتندوتیز آندھی کے دوران سفیر پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی-اس سے پہلے جناب سفیر اور انتظامی کمیٹی کے تین ممبران نے نامعلوم فرانسیسی فوجی کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی -تقریب کے لیے اس مقام کا انتخاب پاکستان اور فرانس کے دنیا کے امن کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔

بعد میں فرانس اور پاکستان کے قومی ترانوں کی دھنوں کے درمیان جناب سفیر نے نامعلوم سپاہی کی یادگار پر جلنے والے ابدی شعلے کو آگ دی-وزٹر بک پر اپنے تاثرات قلم بند کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے لکھا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ملک ہے اس لیے ہم فرانس جیسے دوستوں کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ مکمل فتح تک جاری رکھیں گے- تقریب میں نائب سفیر پاکستان جانبازخان ،ڈیفنس اتاشی فواد حاتمی اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے سفیر صاحب کے ساتھ شرکت کی۔