سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کے دس رکنی سینیٹرز کے وفد سے چوہدری پرویز اقبال کی ملاقات

Chaudhry Iqbal

Chaudhry Iqbal

پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کے دس رکنی سینیٹرز کے وفد سے برسلز میں معروف سیاسی وسماجی شخصیت چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے ملاقات کی اور معزز سنیٹرز کے اعزاز میں پارٹی کا اہتمام کیا۔

اس موقع پر دس رکنی وفد جن میں سینیٹر سید مشاہد حسین، سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر جاوید عباسی، سینیٹر مولانا عطائ الرحمن، سینیٹر لیفٹینٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمزی، سینیٹر عبدالقیوم، سینیٹر جان کینتھ ولیمز، سینیٹر ہدایت اللہ، سینیٹر الیاس احمد بلور، سینیٹر فاروق ایچ نائیک شامل ہیں نے متفقہ طور پر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کی اعزازی رکنیت حاصل کی اور ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئر مین چوہدری پرویز اقبال لوہسر کو اپنی ہر طرح کی حمایت کا یقین دلایا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے فیڈریشن کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یورپ بھر میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کا قیام عمل میں لایا جا ریا ہے اور اس کے مقاصد غیر سیاسی ہیں اور کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں ہیں ہم صرف اور صرف تارکین وطن پاکستانیو ں کی فلاح وبہبود کے لئے کام کر رہے ہیں۔

سینیٹر سید مشاہد حسین نے غیر سیاسی عمل کو سراہا اور کہا کہ ہمیں سیاسی جماعتو ں سے باہر نکل کر پاکستان کے لئے کام کرنا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہیں اور ان کا کوئی بھی عمل پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک سے باہر نکل کر صرف اور صرف پاکستانی ہو نے پر فخر ہو نا چاہیئے۔