کامران یوسف گھمن کی زیر صدارت سانحہ کار ساز کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

Kamran Yousuf Ghuman

Kamran Yousuf Ghuman

پیرس (زاہد مصطفی اعوان ) پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے کو آرڈی نیٹر کامران یوسف گھمن کی زیر صدارت پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے سیکرٹریٹ میں سانحہ کار ساز کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے درجنوں جیالوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ حبیب الرحمن نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول ماسٹر مظفر جیالہ نے پڑھی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے جنرل سیکرٹری ملک محمد منیر نے سرانجام دیئے۔ ملک منیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحہ کار ساز ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب ہماری قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید جلاوطنی کے بعد پاکستان تشریف لے کر گئی اور ان کے استقبال میں لاکھوں کے حساب سے لوگوں کا جم غفیر موجود تھا کہ شرپسند عناصر نے دھماکہ کردیا جس کے نتیجہ میں 150 سے زائد جیالے شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب پاکستان میں دھماکے ہوتے ہیں تو لوگ وہاں سے بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ 18 اکتوبر 2007ئ کے دھماکے کے بعد لوگ بینظیر بھٹو شہید کی حفاظت کے لیے امڈ آئے۔ انہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی قائد بینظیر بھٹو شہید کی حفاظت کی۔ میں شہداء سانحہ کار ساز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے سینئر راہنما خان اشتیاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بینظیر بھٹو شہید کی پاکستان واپسی کی اطلاع پاکستانی قوم کو ہوئی تو پاکستانی قوم نے اپنی لیڈر کے استقبال کے لیے جس باشعوری کا مظاہرہ کیا قابل رشک ہے دہشت گردوں کو للکارنے والی لیڈر کی پاکستان آمد پر دہشت گردوں نے بزدلی کا ثبوت دیتے ہوئے ان پر حملہ کردیا جس کے باعث سینکڑوں جیالے شہید اور زخمی ہوئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے کو آرڈی نیٹر کامران یوسف گھمن نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ شہادتوں سے بھری پڑی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اپنے قائدین کے لیے پہلے بھی جان دینے کو تیار تھے، اب بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ مجھے فخر ہے کہ ہمیں پاکستان پیپلز پارٹی کا جیالا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں سانحہ کار ساز میں شہید ہونے والے جیالوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی قائد محترمہ بینظیر بھٹو کی حفاظت کی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ کار ساز اور سانحہ لیاقت باغ کے مجرمان کو گرفتار کیا جائے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ کامران یوسف گھمن نے آنے والے تمام مہمانوں اور صحافیوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ آخر میں پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے جنرل سیکرٹری ملک منیر احمد نے شہدائے کربلا، شہدائے کار ساز، شہدائے پاک فوج کے ایصال ثواب کے لیے دعا کروائی۔ دعا کے بعد تمام شرکائ کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا بھی خصوصی اہتمام تھا۔